21 جون 2020 - 10:23
امریکہ میں کورونا سے 23 لاکھ افراد متاثر، ایک لاکھ 22 ہزار ہلاک

دنیا میں کورونا وائرس میں مبتلا اور اس مرض میں اموات کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ بدستور دنیا بھر میں سرفہرست ملک بنا ہوا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کے مطابق امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 23 لاکھ ہو گئی ہے کہ جس میں سے ایک لاکھ 21 ہزار 980 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اخبار اندیپنڈینٹ کی رپورٹ کے مطابق الرجی اور متعدی امراض کے امریکن انسٹیٹیوٹ کے ڈائرکیٹر انٹونیو فاؤچی نے ملک میں کورونا وائرس سے متعلق خطرناک صورت حال پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وائرس پر کنٹرول حاصل نہ کرپانے کی صورت میں امریکہ میں کووڈ نائنٹین کی دوسری لہر کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔

انٹونیو فاؤچی نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کا دوبارہ لوٹنا یقینی ہے اس لئے کہ یہ مرض انتہائی متعدی ہے اور پوری دنیا میں بری طرح سے پھیل چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کورونا کا وائرس اب دنیا سے کبھی ختم نہیں ہو گا اور نیا موسم آنے پر اس کی لہر دوبارہ اٹھنے کا خطرہ پایا جاتا رہے گا۔

کورونا وائرس سے دوچار دنیا کے مختلف ملکوں میں امریکہ سرفہرست ہے جہاں اس وائرس میں مبتلا اور اس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ امریکہ نے دیگر ملکوں کے مقابلے میں کورونا وائرس کی تشخیص کا عمل دیر سے شروع کیا ہے اور اب اسے کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور اس بیماری کے مقابلے کے لیے ضروری وسائل اور ٹیسٹ کٹس کی شدید قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔امریکہ میں کورونا وائرس کے مقابلے میں ٹرمپ حکومت کی ناقص کارکردگی اور ناتوانی کی بنا پر امریکی حکومت اور خود ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

342/